
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم نے افغانستان میں تعلیمی مرکز کو نشانہ بنانے والے خودکش حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کردی۔ او آئی سی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں افغانستان میں شہری تنصیبات اور لوگوں کو نشانہ بنانے والے تشدد کی لہر پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تعلیمی اداروں اور عبادت گاہوں کو ہدف بنا کر کئے گئے گھناؤنے حملوں کی یہ لہر قابل مذمت ہے۔ تنظیم دشت برشی کے اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔ او آئی سی نے طالبان انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں عام شہریوں کی خونریزی روکنے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔


































