
دمشق: عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی نے کہا کہ عراق و شام ایک دوسرے سے بندھے ہوئے ہیں، ہمارے مشترکہ تعلقات ہیں، ہمیں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ دورہ دمشق کے موقع پر شام کے صدر بشار الاسد کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں محمد شیاع السوڈانی کہا کہ عراق اور شام کی امن و سلامتی ایسے عوامل ہیں جو مختلف بحرانوں سے نمٹنے کے لئے ہمارے درمیان کوآرڈینیشن کا باعث بنتے ہیں، عراق ہمیشہ شام کا حامی ہے۔ محمد شیاع السوڈانی نے کہا کہ خطے کے امن و استحکام کی کنجی بہتر اقتصادی صورتحال میں پنہان ہے۔ دہشت گردی عراق میں پسپا ہو چکی ہے اور اسے وہاں شکست کا سامنا ہے۔ عراق نے عرب لیگ میں شام کی واپسی کے لئے بے پناہ کوششیں کی ہیں۔ محمد شیاع السودانی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج دہشت گردوں کے سامنے پوری طاقت کے ساتھ کھڑی ہوئیں۔ ہمیں اور شام کو ایک جیسے حالات کا سامنا ہے۔ عراقی عوام دہشت گردوں کے سامنے شامی عوام کی استقامت پر فخر کرتی ہے۔ ہمیں مشترکہ طور پر پانی کی کمی کا سامنا ہے اور ہمیں پانی کے منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کے لیے تعاون کرنا چاہیے۔ ہم نے منشیات کے خلاف ایک میکانزم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق اپنے شہریوں کی الہول کیمپ سے واپسی کے لئے پُر عزم ہے۔ سرمایہ کاروں کے لئے عراق کے دروازے کھلے ہیں۔ ہم شام سے پابندیاں ہٹانے والے ہر طرح کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم اسرائیل کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور فلسطین کاز کے حوالے سے اپنے موقف کا یقین دلاتے ہیں۔
بشار الاسد نے کہا کہ ہمارا برادر ملک عراق، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کے شانہ بشانہ رہا اور بغداد نے دمشق کے خلاف جارحین کی ایک بات پر بھی توجہ نہ دی۔ سخت ترین حالات میں عراقی عوام کی ہمارے ساتھ کھڑے ہونے کی مشترکہ اور طویل تاریخ ہے۔ عراق مختلف حلقوں میں شامی عوام اور حکومت کی آواز تھا۔ بغداد، زلزلے کے دنوں میں بھی ہمارے ساتھ رہا اور ہماری مدد کی۔ شام کے صدر نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے پر الحشد الشعبی اور عراقی فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بشار الاسد نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور خطے کے لئے ایک چیلنج بنا ہوا ہے۔ میں نے محمد شیاع السوڈانی کے ساتھ عرب ممالک کی موجودہ صورتحال اور علاقائی چیلنجز کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی ہے۔ اس وقت عرب ممالک کی صورتحال مثبت ہے۔ ہم نے اقتصادی تعلقات اور ان میں وسعت پر تبادلہ خیال کیا۔


































