
تل ابیب : اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے چھ سو سے زائد سکیورٹی سربراہان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ان کی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔ اسرائیلی سیکورٹی چیفس نے امریکی صدر ٹرمپ کو خط بھیجا ہے جس پر موساد کے سابق سربراہ تامیر پارڈو، شن بیٹ کے سابق سربراہ امی آیالون اور اسرائیلی فوج کے سابق نائب سربراہ متان ولنائی نے بھی دستخط کئے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر تقریباً دو سال سے جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا، جس نے غزہ کو تباہ کر دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے طاقت کے ذریعےاپنے تین میں سے دو مقاصد حاصل کرلئے ہیں جس میں حماس کی عسکری قوت تحلیل کرنا اور حکومت کو ختم کرنا شامل ہیں۔ اسرائیلی اسیران کو واپس لانے کا تیسرا ہدف صرف ایک معاہدے کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔


































