
جدہ: اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے کہا ہے کہ تمام ریاستوں پر واجب ہے کہ وہ نیویارک اعلامیے میں شامل اقدامات پر عمل درآمد کریں۔ جنرل اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے بعد جاری او آئی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قرارداد کی وسیع پیمانے پر توثیق فلسطینی ریاست کے قیام، اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور خطے میں ایک منصفانہ اور جامع امن کے حصول کے لیے بین الاقوامی اتفاق رائے اور کام کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ بیان میں تمام ریاستوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور ریاست فلسطین کو مکمل طور پر تسلیم کرنے اور اقوام متحدہ میں اس کی مکمل رکنیت کی حمایت سمیت اعلامیے میں شامل اقدامات پر عمل درآمد کے لیے فوری طور پر پیش قدمی کریں۔ بیان میں ممالک پر یہ زور بھی دیا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف قبضے، جارحیت، آبادکاری، نقل مکانی، تباہی اور بھوک سے مرنے کے جرائم کو روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔


































