
غزہ : تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ کا کہنا ہے کہ فلسطین سے صیہونیوں کے مکمل اخراج تک جہاد جاری رہے گا۔افسوس کےساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ بعض عرب فلسطین اور اس کی عوام کا نام تک سننا نہیں چاہتے۔ فلسطینی قوم نہ تو تسلیم ہوگی اور نہ ہی کوئی سودے بازی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاد اسلامی کا پرچم ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ بلندی پر لہرا رہا ہے، اگرچہ بعض ممالک کو مسجد اقصیٰ، قدس اور مغربی کنارے میں صہیونیوں کی جارحیت نظر نہیں آتی۔ زیاد النخالہ نے کہا کہ جب سے ہم نے اپنی ملت کا دفاع شروع کیا ہے، تب سے مختلف نیٹ ورک مقاومت کی مخالفت کر رہے ہیں۔ دشمن نے مغربی کنارے کو قتل و غارت گری کرنے والے اپنے آباد کاروں کے لیے ایک بڑی صیہونی کالونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ جہاد اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ فلسطین سے آخری صیہونی کے نکل جانے تک مزاحمت جاری رہے گی۔ بدقسمتی سے آج بہت سے عرب تسلیم نہ ہونے کی وجہ سے فلسطین اور اس کی عوام کا نام تک نہیں سننا چاہتے، لیکن فلسطین اور اس کی قوم کا نام روز بروز بلند ہوتا جائے گا۔ زیاد النخالہ نے کہا کہ جو بھی ہم پر حملہ کرنا چاہتا ہے، پہلے اپنے معاملات پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا انتقام بہت وسیع ہے اور ہماری ذمے داریوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ہمیں فتح و کامرانی تک کوئی پسپائی اور ہچکچاہٹ نہیں ہے۔ ہم اور حماس فلسطینی پرچم تلے ایک متحد مقاومت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں حماس جہاد اسلامی کی پشت پناہ تھی۔ دشمن اور اس کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم سب متحد ہیں۔ اس کے علاوہ مشترکہ کمانڈ روم ایک قومی ضرورت ہے، جسے مضبوط کیا جانا چاہئے۔


































