
نئی دہلی: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کے 50 معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط کردئے۔ نئی دہلی میں سعودی ولی عہد کے لیے باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں معاہدے اور سمجھوتے طے پائے۔ ان میں توانائی، پیٹرو کیمیکل، قابلِ تجدید توانائی، زراعت اور صنعت کے علاوہ سماجی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے معاہدے شامل ہیں۔ سعودی انڈین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کونسل کے اجلاس سے خطاب میں بن سلمان نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ مل کر ایک تجارتی راہداری کے مصوبے پر کام کر رہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل محنت اور جانفشانی سے کام کی متقاضی ہے۔ اس سے پہلے نریندر مودی اور سعودی ولی عہد کے درمیان راشٹریہ بھون میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم مودی نے کہاکہ دونوں ممالک کی شراکت داری عالمی استحکام کیلئے اہم ہے۔ آج کی ملاقات سے ہمارے تعلقات کو ایک نئی سمت ملے گی اور ہمیں مل کر انسانیت کی بھلائی کے لیے کام کرتے رہنے کی ترغیب ملے گی۔


































