
اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ شملہ معاہدہ ختم ہوگیا۔ کنٹرول لائن کو اب سیز فائر لائن سمجھا جائے۔ پاکستان کے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کو شملہ معاہدے کے خاتمے کے بعد اب سیز فائر لائن اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی حیثیت پر بات کرنا ہوگی کیونکہ ہم واپس 1948 والی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ خواجہ آصف نےکہا کہ شملہ معاہدہ دو ممالک کے درمیان ہے، اس میں ورلڈ بینک یا کوئی تیسرا فریق نہیں ہے۔ شملہ معاہدہ نہ ہونے سے کنٹرول لائن سیز فائر لائن ہو جائےگی۔ سیز فائر لائن اس کا اصل اسٹیٹس تھا جو بحال ہو جائےگا۔
ادھر وزارت خارجہ کے مطابق شملہ معاہدہ تاحال منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔ سینیئر عہدیدار کے مطابق ہندوستان کے ساتھ کوئی بھی دوطرفہ معاہدہ ختم کرنے کا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا۔


































