
واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی عرب کو خبردار کیا ہے کہ اسے تیل کی پیداوار میں کٹوتی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ سی این این سے انٹرویو میں جو بائیڈن نے کہا کہ سعودی عرب نے روس سے مل کر تیل کی پیداوار میں کمی کا اعلان کیا۔ سعودی عرب نے جو کیا ہے اس کے نتائج ہوں گے۔ وقت آ گیا ہے کہ امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات پر نظرثانی کی جائے۔ بائیڈن نے کہاکہ میں اس بات کی گہرائی میں نہیں جا رہا کہ میں کیا سوچوں گا اور میرے ذہن میں کیا ہے ۔وسط مدتی انتخابات کے بعد کانگریس سعودی عرب کے اقدامات پر ایکشن لے گی اور وہ خود بھی اس ایکشن کا حصہ ہوں گے۔ گذشتہ روز وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرن جین پیری نے کہا تھا کہ امریکا سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا دوبارہ جائزہ لے گا۔ ادھر کانگریس میں بل پیش کیا گیا ہے جس میں سعودی عرب کو ایک سال کے لیے امریکی ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


































