
ماسکو: روس نے بحیرہ اسود کے اناج معاہدے میں شرکت معطل کردی ہے۔ جس سے عالمی غذائی تحفظ کو دھچکا لگا ہے۔ کریملن کا کہنا ہےکہ روس نے یوکرینی اناج کے جہازوں کو بحیرہ اسود سے گذرنے کی اجازت دینے کے معاہدے میں شرکت معطل کردی ہے۔ اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں کئے گئے معاہدے میں توسیع کے لیے اس کی شرائط پوری نہیں کی گئیں۔ اقوام متحدہ اور ترکیہ کی ثالثی کے نتیجے میں گزشتہ سال جولائی میں یوکرین اور روس کے درمیان اناج کی منتقلی کا معاہدہ ہوا تھا۔ معاہدے میں کئی بار توسیع کی گئی ہے جس کی مدت آج رات ختم ہوجائے گی۔ کریملن کا کہنا ہے کہ روس سے متعلق بحیرہ اسود کے ان معاہدوں کا حصہ ابھی تک نافذ نہیں ہوا ہے۔ اس لیے یہ معاہدہ غیر موثر ہوگیا ہے۔ روس نے یوکرین کو بھی اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔


































