
برسلز: یورپی یونین کے اہم رہنماؤں نے ٹرمپ پیوٹن بے نتیجہ ملاقات کے بعد خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس جنگ کو جلدی ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ یورپی کمیشن کی نائب کاجا کیلس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ صدر ٹرمپ کا امن معاہدہ حاصل کرنے کا عزم انتہائی اہم ہے۔ یورپی یونین اور یورپی شراکت داروں نے الاسکا اجلاس سے قبل صدر ٹرمپ کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے کام کیا، لیکن تلخ حقیقت یہ ہے کہ روس کا اس جنگ کو جلد ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا ونڈیر لیین نے ایکس پر لکھا کہ الاسکا میں بات چیت کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ۔ یورپی یونین، صدر زیلینسکی اور امریکا کے ساتھ مل کر ایک منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے کام کر رہی ہے۔ یوکرینی اور یورپی بنیادی سیکیورٹی مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے مضبوط سیکیورٹی ضمانتیں ضروری ہیں۔


































