
ماسکو: روس نے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی میٹا کو شدت پسند اور دہشتگرد قرار دیا ہے۔ اس کے بعد ملک میں انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر پابندی یا عارضی طور پر بندش کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔ روس کے مطابق اس فیصلے کی پشت پر روس کی وفاقی مالیاتی مانیٹرنگ تنظیم ، روس فِن مانیٹرنگ کا ہاتھ ہے جس کی سفارشات کے بعد میٹا کو شدت پسند تنظیم کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ روس میں جنگ مخالف ایک تنظیم ویسینا کو بھی روس نے شدت اور دہشتگرد تنظیم قرار دیا ہے۔ تاہم اس سے قبل مارچ میں بھی روس نے میٹا کو شدت پسند پلیٹ فارم کہا تھا اور اسے بلاک کردیا تھا، تاہم اس نئے فیصلے پر میٹا کا ردِ عمل اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔ مارچ میں حکومتِ روس نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا تھا کہ میٹا نے روسی اور عالمی صارفین کو روسی ذرائع ابلاغ بالخصوص حکومتی نیوز ایجنسیوں اسپوتنک اور رشیا ٹوڈے تک رسائی سے روکا ہے جو ایک امتیازی اقدام ہے۔


































