
استنبول : ترکیہ میں ہفت روزہ میگزین میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ص اور حضرت موسٰی علیہ السلام کا گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ اور ایڈیٹرز کو گرفتار کرلیا گیا۔ خاکے کی اشاعت پر مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ مشتعل مظاہرین نے میگزین کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلی قایا نے بعد ازاں ایکس پر ویڈیو شیئر کی جس میں متنازع کارٹون بنانے والے کارٹونسٹ کو گرفتار کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ انہوں نے لکھا کہ جس شخص نے یہ گستاخانہ خاکہ بنایا اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کارٹونسٹ کے علاوہ میگزین سے وابستہ دیگر 3 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن میں دو ایڈیٹر ان چیف اور منیجنگ ایڈیٹر شامل ہیں۔


































