
قم : انقلاب اسلامی کے بے لوث خدمت گزار اور سینیئر صحافی سید ساجد حسین رضوی انتقال کر گئے، سید ساجد حسین رضوی ایک ماہ سے کورونا وائرس میں مبتلا ہو جانے کے سبب شہر قم کے امیرالمومنین ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ چند روز تک ڈاکڑوں کی نگرانی میں رہے تاہم ان کی صورتحال بگڑتی چلی گئی اور انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، گزشتہ ہفتے ان کی صورتحال بہتر ہوئی جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا اور وہ رو بصحت تھے تاہم اچانک انکی حالت دوبارہ بگڑی اور وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے، سید ساجد حسین رضوی تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ایران کے اردو ریڈیو اور اس کے بعد سحر اردو ٹی وی کے لئے خدمات انجام دیتے رہے، انہوں نے ریڈیو تہران اور سحر اردو ٹی وی کی نشریات کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا، سید ساجد رضوی ریڈیو زاہدان اور اس کے بعد ریڈیو تہران کے برسہا برس تک ڈائریکٹر بھی رہے اور انہوں نے انقلاب اسلامی کی آواز سمجھے جانے والے ریڈیو زاہدان اور ریڈیو تہران کی مقبولیت میں ایک اہم کردار ادا کیا، وہ ریڈیو تہران کے پروگرام ہم اور سامعین کے ذریعے برسوں تک براہ راست سامعین سے جڑے رہے اور انکے خطوط و مراسلات کے جوابات کا بیڑا عرصہ دراز تک خود ہی اٹھائے رکھا، مرحوم ساجد رضوی سحر اردو ٹی وی کے سیاسی پروگراموں انداز جہاں اور جام جم میں بھی برسوں تک ایک میزبان اور تجزیہ نگار کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔ اسکے علاوہ انہوں نے محرم، اربعین حسینی اور سال کی دیگر مذہبی مناسبتوں کے موقع پر کربلا اور دیگر مقامات مقدسہ سے نشر ہونے والے خصوصی پروگراموں میں بھی ایک میزبان کے طور پر فرائض انجام دئے۔


































