
اسلام آباد: ہ سینیٹ میں بھارتی اقدامات کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی گئی۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس کی معمول کی کارروائی معطل کی گئی، سینیٹ اجلاس کی کارروائی کے دوران بھارتی اقدامات کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، سینیٹ میں قرارداد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑجواب دیا جائے گا، بھارت کے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد ہم انتظار کر رہے تھے کہ آگے کیا بات چلے گی، انہوں نے پاکستان کا براہ راست نام نہیں لیا، کوئی شواہد نہیں کہ پاکستان کو اس واقعے سے لنک کیا جاتا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں کیا جاسکتا، معاہدے میں لکھا ہے کہ اسے ختم کرنا ہے تو اتفاق رائے سے ہو گا، پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، قومی سلامتی کمیٹی کہہ چکی پانی بند کرنا جنگ کے مترادف ہو گا، اس خطے میں امن، ترقی نہیں ہو رہی، اس کی ایک بڑی وجہ بھارت ہے، سارک چاہتا ہے ترقی ہو لیکن ایک ملک کی ہٹ دھڑمی اس کو آگے نہیں جانے دیتی۔


































