
پیرس : فرانس اور فلسطین نے مجوزہ فلسطینی ریاست کے قانونی، آئینی اور ادارہ جاتی امور نمٹانے کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
فرانسسیی صدر ایمایل میکرون نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں کمیٹی کا اعلان کیا۔ میکرون نے کہا کہ یہ کمیٹی صدر عباس کے پیش کردہ منصوبے کی بنیاد پر نیا آئین تیار کرے گی اور ایک قابل عمل فلسطینی ریاست کی تمام شرائط مکمل کرے گی۔ میكرون نے کہا کہ غزہ کے استحکام کے لیے فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اور پولیس اہلکاروں کی دوبارہ تعیناتی ضروری ہے۔ فرانس یورپی مشنز کے ذریعے فلسطینی سیکیورٹی صلاحیتیں مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل کسی بھی شکل میں مغربی کنارے کا الحاق کرے گا تو فرانس اور اس کے یورپی شراکت دار سخت ردعمل دیں گے۔


































