
واشنگٹن : امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف مشترکہ حملے دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں تیز کردیں۔ مشترکہ حملے آئندہ ہفتے کسی بھی وقت دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے دو عہدیداروں نے بتایا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف ممکنہ مشترکہ کارروائی کے لیے شدید نوعیت کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپریل کے آغاز میں پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ دونوں ممالک اس سطح کی عسکری منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کانگریس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے پاس کشیدگی بڑھانے، افواج کی نقل و حرکت اور عسکری وسائل منتقل کرنے کے منصوبے موجود ہیں ضرورت پڑنے پر مختلف عسکری آپشنز پر عمل کیا جا سکتا ہے۔ مبصرین کے مطابق کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے پورا خطہ ایک بار پھر بڑے تصادم کی طرف جا سکتا ہے۔


































