
تہران: ایران میں صدارتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ نئے صدر کے چناؤ کیلئے کل ووٹ ڈالے جائیں گے۔ عامر حسین غازی زادہ ہاشمی کی دستبردای کے بعد پانچ امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔
ووٹنگ کیلئے اٹھاون ہزار چھ سو چالیس پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ ایران میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد چھ کروڑ دس لاکھ ہے اور ان کیلئے اٹھاون ہزار چھ سو چالیس پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ ووٹنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوگا اور شام چھ بجے تک پولنگ جاری رہے گی۔ نگراں کونسل نے چھ امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی۔ لیکن اصل مقابلہ محمد باقر قالیباف، سعید جلیلی اور مسعود پزشکیان کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔
جائزہ پول میں سعید جلیلی کو بائیس فیصد کے ساتھ برتری حاصل ہے۔ الیکشن میں کوئی امیدوار پچاس فیصد ووٹ حاصل نہ کرسکا تو پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں میں دوبارہ ون آن ون مقابلہ ہوگا۔
دنیا بھر سے پانچ سو سے زائد میڈیا نمائندے صدارتی الیکشن کی کوریج کے لیے تہران پہنچ چکے ہیں۔ مغربی دنیا کی نظریں الیکشن سے زیادہ ٹرن آؤٹ پر لگی ہوئی ہیں۔ گذشتہ الیکشن میں ووٹنگ کی شرح 49 فیصد رہی تھی۔
ولی امر مسلمین سید علی خامنہ ای نے عوام سے الیکشن میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے. واضح رہے کہ ایران میں صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد یہ قبل از وقت صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں۔


































