
کراچی : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ ہر صورت تمام تر رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ہمارا پُرامن مارچ کراچی سے ریمدان بارڈرکی طرف روانہ ہوگا، کاروان کی قیادت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے۔ زیارتی قافلہ سالاروں و شیعہ عمائدین کے ہمراہ امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہاکہ ہر سال لاکھوں زائرین زمینی راستے سے کم خرچ میں عراق زیارت کیلئے جاتے ہیں، اس سال وفاقی حکومت کی اچانک بیجا پابندی سے زائرین شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زائرین پر پابندی لگا کر اپنی ناکامی کا اعلان کر رہی ہے، بلوچستان کے خرابی حالات کی ذمہ دار وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نےکہاکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری زیارات ٹور آپریٹرز کے مسئلے کو آج حل کرنے کی بات کر رہے ہیں، گورنر سندھ پہلے کہاں تھے، زائرین کا مسئلہ کئی دنوں سے چل رہا ہے انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 20 کے تحت ہمیں مذہبی آزادی حاصل ہے۔ علامہ باقر حسین زیدی نے کہا کہ گورنر سندھ زائرین کے مسئلے پر کھلواڑ کر رہے ہیں وہ اس مسئلہ پر سیاست نہ کریں۔ ملت جعفریہ اپنے فیصلے میں خودمختار ہے ۔ مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے صدر علامہ نثار قلندری نے کہا کہ زائرین پورے سال زیارات پر جانے کیلئے اپنا پیٹ کاٹ کر انتظامات کرتے ہیں، لہٰذا وفاقی حکومت زمینی سفر زیارت اربعین کیلئے راستوں کو کھولے اور زائرین کو سہولیات فراہم کرے۔ امید کرتے ہیں کہ حکومت زائرین پر سے پابندی ہٹا دے گی۔


































