
ماسکو : روس نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن فلسطینی مسئلے کے منصفانہ اور جامع حل کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل فلسطین تصفیہ ہی خطے میں استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کاحل مشرق وسطیٰ میں کسی بھی پائیدار امن معاہدے کی بنیاد ہے اور روس متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق 1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر یقین رکھتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری میں توسیع امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ عالمی برادری کو ان پالیسیوں کے خلاف سخت موقف اپنانا چاہئے اور سفارتی دباؤ کے ذریعے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔


































