
اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ امن و استحکام قائم رہے گا اور ہم اس صورتحال کے پُرامن حل کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ہفتہ وار بریفننگ کے دوران پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بطور پڑوسی، دوست اور برادر ملک، پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ایران دیکھنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ مظاہرے عام شہریوں کو درپیش معاشی مشکلات اور بین الاقوامی پابندیوں کے باعث شدت اختیار کر گئے ہیں۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ ایرانی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مالیاتی اقدامات عوامی مشکلات کم کریں گے۔
انھوں نے ایران کو ایک مضبوط قوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یقین ہے کہ ایران موجودہ چیلنجز پر قابو پا لے گا۔


































