
کابل: افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان لفظی جنگ کے بجائے مسائل کے اسباب تلاش کریں۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز کے سربراہ سہیل محمود کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے امیر خان متقی سے ملاقات کی۔ طالبان وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان دو برادر اور پڑوسی ممالک ہیں اور ان میں بہت سی مشترکات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اچھی ہمسائیگی اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض مسائل دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ لہٰذا زبانی جھگڑوں اور میڈیا کے بیانات کے بجائے مسائل کی وجوہات تلاش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے جغرافیائی محل وقوع نے دونوں ممالک کے لیے بہت سے مواقع پیدا کیے ہیں۔ اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ امیر خان متقی نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔


































