
بغداد : سوئیڈن میں ایک بار پھر قرآن کی توہین پر مسلم دنیا سراپا احتجاج بن گئی۔ توہین قرآن پر بطور احتجاج عراقی حکومت نے سویڈش سفیرکو فوری طور پر بغداد چھوڑنے کا حکم دے دیا جبکہ اسٹاک ہوم سے اپنے ناظم الامور کو واپس بلالیا ہے۔عراقی حکومت نے سویڈش ٹیلی کام کمپنی ایرکسن کا ورک پرمٹ بھی معطل کردیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو منظم طریقے سے اشتعال دلانے کا ایک عمل ہے۔ سویڈش حکام ذلت آمیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام فوری اور ضروری اقدامات کریں۔ ایران نے سویڈن کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سیکریٹری جنرل اقوام متحد انتونیو گوتریس کے نام خط میں مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس طرح کی مذہبی بے حرمتی کے خلاف سخت رویہ اختیار کریں۔


































