
عید میلاد النبی (ص) کی با برکت مناسبت سے حوزہ علمیہ جامعہ العروة الوثقیٰ سے والٹن فیروز پور روڈ تک ایک عظیم الشان وحدت امت ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بِلا تفریقِ مسلک و مذہب ہزاروں افراد نے شرکت کی اور رسول اللہ(ص) سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریکِ بیداری امتِ مصطفیؐ اور زعیم جامعہ عروۃ الوثقیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ پیغمبر اعظم کی ولادت ان برکتوں کا نقطئہ آغاز ہے جو اللہ نے بشریت کیلئے مقدر فرمائی ہیں۔ آپ (ص) نے عرب کی جاہل قوم کو تبلیغ اور تربیت کے ذریعے خیرِ امت میں بدل دیا اور ان کی باہمی دشمنیوں کو اخوت و محبت میں ڈھال دیا۔
علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ریوڑ کو امت بنانا ایک عظیم معجزہ ہے جو تعلیم و تربیت سے ممکن ہوا ،اب یہ امت کا فریضہ ہے کہ رسول اللہ (ص) کے مشن کو تکمیل تک پہنچائے اور اس مقصد کیلئے خود کو قوم، قبیلہ، مسلک و گروہ کی حالت سے نکال کر امت کے قالب میں ڈھالے کیونکہ امت ہی قرآنِ مجید کی واحد قابلِ قبول اجتماعی حالت ہے۔


































