
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے انروا کے ہیڈکوارٹر پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں او آئی سی نے کہا کہ قابض اسرائیلی فوج کی دراندازی اقوام متحدہ کے چارٹر، متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف کی قانونی آراء کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ او آئی سی کے مطابق اسرائیلی کارروائی اقوام متحدہ کے مراعات و استثنیٰ کے کنونشن کی مسلسل پامالی کا حصہ ہے. او آئی سی نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انروا کے مینڈیٹ اور اس کے اہم انسانی کردار کو کمزور کرنے کی اسرائیلی کوششوں کو روکا جائے، ساتھ ہی ان پالیسیوں کا سدباب کیا جائے جو فلسطینی پناہ گزینوں کے مسئلے اور ان کے حقِ واپسی کو ختم کرنے کی کوششوں کے زمرے میں آتی ہیں۔ تنظیم نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انروا کو سیاسی، قانونی، مالی اور انسانی سطح پر مکمل تعاون فراہم کرے۔


































