
ماسکو: روس نے یوکرین کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی پر ایٹمی جنگ سے خبردار کردیا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ روس مغرب کی جانب سے یوکرین کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کو ایٹمی خطرے کے طور پر دیکھے گا کیونکہ یہ جیٹ فائٹرز ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ روس ان طیاروں کی جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ اس حوالے سے کسی کی کوئی بھی یقین دہانی مدد نہیں دے گی۔ سرگئی لاروف نے کہاکہ جنگی کارروائیوں کے دوران ہمارے فوجی اس بات کا تعین نہیں کریں گے کہ آیا اس نوعیت کا ہر مخصوص طیارہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ہے یا نہیں۔ ادھر ایک انٹرویو میں روسی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ یوکرین کا تنازع اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مغرب ماسکو کو شکست دینے کا منصوبہ ترک نہیں کرتا۔ امریکا کی قیادت میں مغربی بلاک کا مقصد عالمی بالادستی کو مضبوط کرنا ہے۔


































