
اسلام آباد: پاکستان میں حکومت نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لے لیا۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر لکھا ہوتا ہے کہ یہ اسرائیل کے سفر کے لیے کارآمد نہیں ہے لہٰذا موجودہ ضوابط کے تحت ایسا کوئی دورہ ممکن نہیں ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر پاکستان کا موقف بدستور برقرار ہے۔ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی ثابت قدمی سے حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دورے کا کچھ علم نہیں تاہم اس حوالے سے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں، دورے سے متعلق معلومات ملنے کے بعد کچھ کہنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔


































