
تیونس: تیونس کے صدر قیس سعید نے دنیا بھر میں ملک کے نئے سفیروں سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ غاصب صیہونی رجیم کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا لفظ ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ فلسطین کے پاس ایک سفیر موجود ہے لیکن ہمیں فلسطینی عوام کے حقوق کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ مسئلہ فلسطین ہماری امت کا بنیادی اور مرکزی مسئلہ ہے۔ جو بھی تعلقات کو معمول پر لانے کی بات کرتا ہے مجھے اسے یہ بتانا ہے کہ یہ لفظ میری ڈکشنری میں بالکل بھی موجود نہیں۔ صدر سعید نے مزید کہا کہ سرزمین فلسطین کی اپنی قوم میں واپسی ایک فطری مسئلہ ہے۔ فلسطینی عوام کو اپنے تمام حقوق حاصل کرنے چاہئیں جن میں القدس کے مرکز میں فلسطینی ریاست کی تشکیل بھی شامل ہے۔


































