
بلوچستان کےعلاقوں قلات، مستونگ اور لورالائی میں فتنہ الہندوستان نے کوئٹہ سے لاہور جانے والی مسافر بسوں سے 9 مسافروں کو اغوا کرنے کے بعد ژوب میں قتل کردیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم نے بتایا کہ دہشت گردوں نے مسافروں کو بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد قتل کیا، مرنے والوں میں اٹک سے محمدبلال، گجرات سے بلاول، گوجرانوالہ سے صابر حسین اور خانیوال سے محمد آصف، محمد جنید اور سعید انور اعوان شامل ہیں، دنیاپور سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان جابر طور اور عثمان طور بھی شامل ہیں۔
آٹھ شہدا کی میتیں ریسکیو کی ایمبولینسز کے ذریعے بلوچ لیوی لائن ڈیرہ غازی خان سے سخت سیکیورٹی میں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں، وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی خان سے ریسکیو کی گاڑیاں میتوں کو آبائی علاقوں تک پہنچائیں گی، محمد عرفان کی شناخت کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی جس کی نادرا کے ذریعہ شناخت کروائی جارہی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہےکہ شہید ہونے والے تمام افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے، فتنہ الہندوستان کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، بلوچستان حکومت اس واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے۔
قبل ازیں کوئٹہ، قلات، مستونگ اور لورالائی میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے حملے کیے ہیں، تینوں مقامات پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔


































