
نیامے : نائجر میں فرانسیسی سفیر اور فوج کی ملک بدری کیلئے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ نائجر کی کئی شہری تنظیموں نے فرانسیسی فوج کی موجودگی کیخلاف دن تین بجے احتجاج کی کال دی تھی لیکن لوگوں کی بہت بڑی تعداد صبح 10 بجے ہی دارالحکومت نیامے میں فرانسیسی فوج کے زیر استعمال چھاؤنی کے سامنے جمع ہوگئی۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا فرانسیسی فوج، ہمارا ملک چھوڑ دو۔ کئی مظاہرین نے سیکورٹی فورسز، پولیس اور فوج کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو توڑنے اور چھاؤنی میں گھسنے کی کوشش کی۔ نئی فوجی حکومت ملک سے فرانس کے فوجی دستوں کو نکالنے کیلئے احتجاجی مظاہروں کی حمایت کر رہی ہے۔ نائجر میں فرانس کے 1500 فوجی موجود ہیں۔
26 جولائی کو فوج نے حکومت کا تختہ الٹ کر صدر محمد بازوم کو معزول کیا اور اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔ فرانس صدر بازوم کو بحال کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔


































