
اسلام آباد : قومی سلامتی کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک میں تشدد اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 9 مئی کو قومی سطح پر یوم سیاہ منایا جائیگا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق شرپسندی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ کمیٹی نے حملہ آوروں کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے فیصلے کی تائید کی۔ فورم نے سوشل میڈیا قواعد وضوابط کے سختی سے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سیاسی اختلافات کو محاذ آرائی کے بجائے جمہوری اقدار کے مطابق مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔ شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پانچ ہزار افراد گرفتار کرلیے گئے۔ واقعات کی ویڈیوز اور شواہد موجود ہیں۔ اجلاس میں ملوث افراد کیخلاف کیسز کا جلد فیصلہ کرنے کیلئے مختلف آپشنز پر غورکیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس نے جرم کیا اُس کے بچنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اگر وزیراعظم بھی انہیں معاف کرنے کا بولے تو کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔


































