
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کالعدم قراردیدیں۔ سابق صدر زرداری سمیت چھ سابق وزرائے اعظم کے کرپشن کیس دوبارہ کھل گئے۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے نیب ترامیم کے خلاف درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی دس میں سے نو ترامیم کالعدم قرار دے دیں۔ فیصلے میں جسٹس منصور علی شاہ کا اختلافی نوٹ بھی شامل ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے نیب کی تمام ختم انکوائریز اور کیسز بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے 50 کروڑ کی حد سے کم پر ختم کئے گئے تمام مقدمات بھی بحال کر دیے۔ عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ سات دن میں تمام کیسز عدالتوں کو بھیج دئے جائیں۔ نیب ترامیم کے خاتمے سے سابق صدر آصف زرداری۔ سابق وزرائے اعظم نوازشریف۔ شہبازشریف۔ شاہد خاقان عباسی۔ راجہ پرویز اشرف۔ یوسف رضا گیلانی اور شوکت عزیز کے خلاف کرپشن کیسز بحال ہوگئے ہیں۔


































