
مظفرنگر: ہندوستان کے شہر مظفر نگرمیں سڑک پر نماز پڑھنے کے جرم میں امام مسجد سمیت چھ مسلمانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ مظفر نگر کے علاقے رحمت نگر کی مسجد رحمان میں نماز جمعہ کے دوران جگہ کم پڑی تو نمازیوں نے مسجد کے سامنے صفیں بنالیں۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی گئی۔ جس میں بیس سے پچیس افراد کو نماز ادا کرتے دیکھا جاسکتا ہے ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور تعزیرات ہند کی دفعہ 341 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی۔ پولیس نے مسجد کے امام مولانا نسیم کو گرفتار کرلیا۔ جنہیں بعد میں ضمانت پر رہا کردیا گیا جبکہ ویڈیو کے ذریعے شناخت کے بعد پانچ نمازیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو کے ذریعے مزید افراد کو شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جنہیں حراست میں لیا جائے گا۔


































