
تہران : ولی امر مسلمین کے مشیر علی لاریجانی نے کہا ہےکہ اسرائیلی پاگل پن کو روکنے کے لیے مسلم ممالک کو مشترکہ آپریشن ہیڈ کوارٹر تشکیل دینا چاہیے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ میں علی لاریجانی نے کہا کہ مسلم ممالک نے فلسطین کے بھوکے اور مظلوم مسلمانوں کے لیے اب تک کچھ نہیں کیا لیکن انہیں خود کو تباہی سے بچانے کے لیے کم از کم ایک معمولی فیصلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ آپریشن ہیڈ کوارٹر کا فیصلہ ناجائز ریاست کے مالک کو پریشان کرنے کے لیے کافی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام امریکی صدر کو عالمی امن اور نوبل انعام کے بہانے فوری طور پر اپنی ہدایات اسرائیلی حکومت کو منتقل کرنے پر مجبور کرے گا۔ انہوں نے عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بغیر عملی اقدامات ایسے اجلاس درحقیقت اسرائیل کو مزید جارحیت کا نیا حکم جاری کرنے کے مترادف ہیں۔


































