
رباط: مراکش میں شہریوں نے تیسری رات بھی کھلے آسمان تلے گزاری۔ ملبے میں دبے افراد کی زندگی کی امیدیں دم توڑنے لگیں۔ مرنے والوں کی تعداد اکیس سو تک جاپہنچی۔ مراکش میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔بین الاقوامی سرچ اور ریسکیو ٹیمیـں بھی پہنچ گئیں، جبکہ دیگر امدادی ٹیمیں حکومت کی اجازت کی منتظر ہیں۔ دور دراز کے پہاڑی علاقے زلزلے سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں لیکن وہاں امداد پہنچانا مشکل کام ہے کیوں کہ زلزلے کے سبب سڑکیں پہاڑوں سے گرنے والے پتھروں سے بھر چکی ہیں۔ اتوار کی صبح کئی علاقے ایک بار پھر 3.9 شدت کے زلزلے سے ہل گئے اور خوف کی لہردوڑ گئی۔ سیاحتی شہر مراکش میں لوگوں نے تیسری رات بھی سڑکوں یا عارضی ٹینٹ میں گزاری۔


































