
کربلا : اربعین حسینی کے پیش نظر جو زائرین صوبے کربلا میں پہنچے ہیں، ان کی تعداد تقریباً دو کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ دو برسوں کی کورونا بندشوں کے بعد اس سال اربعین حسینی ایک خاص جوش و ولولہ کے ساتھ منایا جا رہا ہے جس کے پیش نظر عراق اور دنیا سے بڑی تعداد میں زائرین کربلا کی جانب رواں دواں ہیں۔ عراق میں ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق نے اپنے ہم وطن زائرین سے یہ اپیل کی تھی کہ اس سال وہ اپنے سفر کو خاص منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دیں اور عراق میں زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر نجف و کربلا میں اپنے قیام کی مدت کو کم سے کم رکھیں۔ انہوں نے ایرانی زائرین سے اپیل کی کہ شدید گرمی، پانی کی قلت اور زائرین کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے ناکافی سہولتوں کے پیش نظر عراق کی جانب اپنے سفر کو مختصر کریں تاکہ دیگر زائرین بھی زیارت کی سعادت کو باآسانی حاصل کر سکیں۔


































