
پٹنہ : انڈین ریاست بہار کے الیکشن میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے میدان مار لیا۔ بی جے پی نواسی سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔
بہار میں ریاستی اسمبلی کی دو سو تینتالیس سیٹوں کیلئے مقابلے میں بی جے پی کی زیر قیادت اتحاد این ڈی اے نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔جس میں بی جے پی کے بعد جنتا دل (یونائیٹڈ) کا پچاسی نشستوں کے ساتھ بڑا حصہ رہا۔ بی جے پی اور اتحادی جماعتوں نے دو سو ایک نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔ کانگریس کی زیر قیادت مہاگٹھ بندھن کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ صرف سینتیس نشستیں جیت سکا۔
کانگریس کو چھ نشستوں پر کامیابی ملی۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی کی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین بھی پانچ نشستیں جیت گئی۔ انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہےکہ ہم نے لوگوں کے دل چُرا لیے ہیں۔ اسی لیے پورے بہار نے پھر موقع دینے کا فیصلہ کیا ۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے نتائج کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے الیکشن نہیں جیت سکے جو شروع سے ہی غیر شفاف تھے۔ الیکشن میں ووٹنگ کی شرح اڑسٹھ فیصد رہی۔


































