
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ و سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دارالعلوم حقانیہ میں مولانا حامد الحق پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حامد الحق شہید اتحادِ بین المسلمین کے داعی تھے۔ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے، اور ہر محبِ وطن پاکستانی اس غم میں برابر کا شریک ہے۔
مولانا حامد الحق شہید نے ہمیشہ امتِ مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے کام کیا اور ملت کو جوڑنے کی جدوجہد میں مصروف رہے۔ دشمن جانتا ہے کہ جہاں سے وحدت و اخوت کا پیغام بلند ہوتا ہے، وہیں پر وار کرنا ہے تاکہ امت کو تقسیم کیا جا سکے۔ لیکن ہم، بحیثیتِ قوم، اس چال کو ناکام بنائیں گے اور ہر قسم کی فرقہ واریت اور انتشار کے خلاف متحد رہیں گے۔
اس المناک سانحے پر دارالعلوم حقانیہ کے ذمہ داران، شہداء کے اہلِ خانہ اور پوری امتِ مسلمہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللّٰہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔ یہ وقت باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملّی وحدت کو مضبوط کرنے کا ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہمیں ایک قوم بننا ہوگا، اپنے ماضی سے سیکھنا ہوگا اور دشمن کے عزائم کو پہچان کر اسے ناکام بنانا ہوگا۔ اتحاد ہی ہماری اصل قوت ہے، اور اسی کے ذریعے ہم ایک مضبوط اور پُرامن پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔


































