
بیجنگ : چین کے صدر شی جن پنگ تیسری مرتبہ صدر کے عہدے پر براجمان ہو گئے ہیں اور انھوں نے صدر کے عہدے پر منتخب ہوتے ہی اپنی اعلیٰ سطحی کابینہ کا اعلان کیا ہے جس کے ارکان اب چین کے نئے حکمران ہوں گے۔
چین میں صدر شی جن پنگ نے تیسری بار کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کاجنرل سیکریٹری منتخب ہوکر تاریخ رقم کردی۔ یاد رہے کہ چین میں پارٹی کا جنرل سیکریٹری ہی صدر ہوتا ہے۔ بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی کا اجلاس ایک ہفتے تک جاری رہا ۔ جس میں 23 سو عہدیداروں نے مرکزی کمیٹی سمیت پوری پارٹی پر شی جن پنگ کی ناگزیر پوزیشن کو تسلیم کیا۔ اجلاس کے دوران پارٹی چارٹر میں زیادہ سے زیادہ دوبار صدر بننے کی حد کے خاتمے سمیت بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم سمیت ایسے تمام اعلیٰ عہدیدار مستعفی ہوگئے جن کی موجودگی شی جن پنگ کے تیسری بار صدر بننے میں رکاوٹ تھی۔ 69 سالہ شی جن پنگ ماؤ زے تنگ کے بعد چین کے طاقت ور حکمران ہیں۔ شنگھائی پارٹی کے سربراہ لی چیانگ کو وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔ چوبیس رکنی پولٹ بیورو کا بھی اعلان کیا گیا لیکن اس میں کوئی خاتون شامل نہیں۔


































