
کراچی: غزہ میں جاری اسرائیلی دہشت گردی، فلسطینی عوام کی نسل کشی اور مسجد اقصیٰ پر صیہونی حملوں کے خلاف اور اہل غزہ سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام شاہراہ فیصل پر عظیم الشان “یکجہتی غزہ مارچ” منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے.
مارچ سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ “اگر مسلم حکمرانوں نے اب بھی غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے عملی اقدامات نہ کیے تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔” انہوں نے اعلان کیا کہ 22 اپریل کو پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی جو بعد ازاں عالمی سطح پر گلوبل ہڑتال میں تبدیل کی جائے گی۔ حافظ نعیم کا کہنا تھاکہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، اسرائیل نے اقوام متحدہ کے چارٹرکی دھجیاں اڑائی ہیں، اسرائیل آج بھی حماس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں، غزہ میں بربریت سے مغرب کے رہنماوں کا چہرہ بے نقاب ہوگیا، امریکا میں بھی 50 فیصد لوگ فلسطین کے حامی ہیں، دنیا کا بچہ بچہ اہل غزہ سے اظہار یکجتی کررہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں اسرائیل کی مذمت کریں۔
شرکاء سے آڈیو خطاب کرتے ہوئے چیئرمین القدس اتحاد المسلمین فضیلت الشیخ شیخ مروان ابو العاص نے کہا کہ “ہم فلسطینی بھائیوں کی طرف سے پاکستانی بھائیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
غزہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر زوہیر ناجی نے بھی مارچ کے شرکاء سے خطاب کیا اور کہاکہ پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے لاکھوں کی تعداد میں مارچ میں شرکت کرکے فلسطینیوں کا حوصلہ بڑھایا.
مارچ کے شرکاء سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم آبش صدیقی، جماعت اسلامی کراچی اقلیتی ونگ کے رہنما یونس سوہن ایڈوکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔


































