
تل ابیب: سعودی عرب نے اسرائیل جانے والے مسافر بردار طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دیدی جس پر نیتن یاہو نے شاہی خاندان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار اسرائیل جانے والے کسی مسافر بردار طیارے نے سعودی عرب میں لینڈنگ کی ہے۔ اس طیارے میں 128 اسرائیلی مسافر تھے۔ مشرقی افریقی ملک سیشلز سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب جانے والے طیارے کو تکنیکی خرابی کے باعث سعودی عرب میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ہنگامی لینڈنگ کی درخواست پر سعودی عرب نے خلاف معمول نہ صرف اسرائیل جانے والے طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت دی بلکہ 128 اسرائیلی مسافروں کو جدہ کے ہوٹل میں قیام بھی کرایا۔ اسرائیلی مسافروں اور طیارے کے عملے نے سعودی عرب کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ طیارے کی خرابی دور کی گئی اور وہ مسافروں کو لے کر منزل مقصود پر پہنچ گیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی جانوں کی حفاظت اور ان کے پُرتپاک استقبال کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے تاحال اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے لیکن اس حوالے سے امریکی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔


































