
یروشلم : اسرائیلی فوج نے مشرقی یروشلم میں اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے دفتر پر قبضہ کرکے اسرائیلی پرچم لہرادیا۔
انروا کے سربراہ فلپ لازارینی نے بتایا کہ کہ اسرائیلی پولیس اور میونسپل حکام نے زبردستی دفتر میں گھس کر مکمل کنٹرول سنبھال لیا۔ پولیس موٹر سائیکلوں، ٹرکوں اور فورک لفٹر کے ساتھ آئی اور دفتر کی تمام مواصلاتی سہولیات کاٹ دیں۔ فورسز نے فرنیچر، آئی ٹی ساز و سامان اور دیگر اہم اشیاء ضبط کر لیں۔ انروا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام کی ہدایت کے بعد وہ عمارت کئی ماہ سے استعمال میں نہیں تھی۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نےکہا ہے کہ اسرائیلی حکام کا انروا کے دفتر میں زبردستی داخل ہونا ناقابلِ قبول اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ یہ دفتر اقوامِ متحدہ کی ملکیت ہے اور کسی بھی بیرونی مداخلت سے مکمل طور پر محفوظ رہنا چاہیے۔


































