
جنیوا : اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے طرز عمل کو نسل پرستانہ قرار دے دیا گیا۔ اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیس نے مقبوضہ علاقوں سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کردی۔ جس میں فلسطینیوں کی اجتماعی شناخت اور خودمختاری کو ختم کرنے کے لیے اسرائیلی کوششوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے اقدامات ظلم کے مترادف ہیں۔ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کا ادراک کرنے کے لیے اسرائیلی آباد کاروں کے استعماری قبضے اور اس کی نسلی روایات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں اسرائیل پر تنقید کرنے والے صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف مہلک طاقت کے استعمال کو بھی دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت تقریباً 4,500 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں سے 730 انتظامی حراست میں ہیں، جس میں اسرائیل حراست میں لیے گئے افراد کو بغیر کسی الزام کے چھ ماہ تک اپنے پاس رکھتا ہے، جس کی مدت کو لاتعداد بار بڑھایا جا سکتا ہے۔


































