
غزہ : حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ صیہونی ریاست مذاکرات اور جارحیت کے خاتمے سے ہی یرغمالیوں کو چھڑانے میں کامیاب ہوئی۔
القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور فوج اپنے قیدیوں کو طاقت کے ذریعے واپس لینے میں ناکام رہے۔ اور قابض قوت بالآخر مزاحمت کے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور ہوئی۔ بیان کے مطابق حماس نے قیدیوں کی زندگیاں محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، حالانکہ جنگی مجرم نیتن یاہو اور اس کی دہشت گرد فوج مسلسل ان پر حملے کر کے ہلاک کرنے کی کوشش کرتی رہی۔
بیان میں کہا گیا کہ دوسری جانب اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کو منظم اذیت، تشدد اور قتل کا سامنا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ اس تبادلے کے نتیجے میں رہائی پانے والے "بہادر قیدی” دراصل وہ ہیں جنہوں نے دہائیوں جیلوں میں گزاری اور جن کی رہائی غزہ کے عوام کے صبر اور مزاحمت کی جیت ہے۔ حماس نے اس عمل کو اپنے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا ہونے اور آزادی کے عزم کی علامت قرار دیا۔


































