
رام اللہ : اسرائیل کی جیل انتظامیہ نے زیر حراست فلسطینی خاتون کو علاج کروانے کی ذمہ داری سے بچنے کے لئے رہا کردیا۔
انچاس سالہ وفا جرار کو صیہونی فوج نے اکیس مئی کو ان کے گھر میں تباہی مچاتے ہوئے اور تشدد کرتے ہوئے حراست میں لیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جنین کے ملٹری کیمپ میں منتقلی کے دوران گاڑی میں دھماکا ہوا جس سے خاتون کی ٹانگوں پر شدید چوٹ آئی۔ صیہونی فوج نے یہ نہیں بتایا کہ دھماکا کیسے ہوا۔ اسرائیل کے افُلجا ہسپتال میں علاج کے دوران وفا جرار کی ٹانگیں کاٹ دی گئیں۔ اسرائیلی عدالت نے انہیں چار ماہ کے لئے ایڈمنسٹریٹو ڈٹینیشن میں منتقل کرنے کا حکم جاری کردیا۔ طبی معائنوں کے بعد معلوم ہوا کہ وفا جرار کو ریڑھ کی ہڈی اور پھیپڑوں سمیت جسم کے مختلف اعضا میں بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ان کی نازک حالت دیکھتے ہوئے فوری طور پر رہا کرنے کا اعلان کردیا اور مقبوضہ مغربی کنارے کے اسپتال میں منتقل کردیا۔
ان کے شوہر عبدالجبار فروری سے اسرائیلی قید میں ہیں جنہیں اپنی شریک حیات کی حالت کا کوئی علم نہیں۔

































