
بیروت : عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو نےکہا ہےکہ اسرائیل فلسطین تنازع کے مستقل حل میں فلسطینی ریاست کا قیام لازمی حصہ ہونا چاہئے۔ ترکیہ سے لبنان جاتے ہوئے طیارے میں میڈیا سے گفتگو میں پوپ لیو نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اسرائیل دو ریاستی حل کو قبول نہیں کرتا لیکن ہم دو ریاستی حل کو ہی اسرائیل فلسطین تنازع کا واحد حل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کے بھی دوست ہیں اور دونوں فریقوں کے درمیان مصالحت کی آواز بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن صرف اسی وقت ممکن ہے جب فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق دیا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ انصاف پر مبنی حل ہی اسرائیلی اور فلسطینی عوام کے لیے امن کا دروازہ کھول سکتا ہے۔ پوپ نے مزید کہا کہ ویٹیکن دونوں فریقوں کو قریب لانے کے لیے ہر ممکن سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا۔


































