
جنیوا : بچوں کی فلاح کے لئے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بچوں کی ویکسینیشن کے لیے درکار بنیادی طبی سامان داخل ہونے سے روک رہا ہے.
یونیسیف نے بتایا کہ غزہ میں بچوں کی بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم کے لئے درکار سولہ لاکھ سرنجوں اور ویکسین کے ذخیرے کے لیے سولر ریفریجریٹرز کو اسرائیل نے غزہ میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ ادارے کے ترجمان ریکارڈو پیرس کے مطابق یہ سامان اگست سے کسٹم کلیئرنس کا منتظر ہے۔ اسرائیل ان اشیاء کو "دوہرے استعمال” یعنی فوجی اور شہری دونوں مقاصد کے قابل قرار دے کر داخلے کی اجازت نہیں دے رہا۔ یونیسیف نے خبردار کیا کہ ان رکاوٹوں کی وجہ سے غزہ میں پہلے سے تباہ شدہ صحت کے نظام پر مزید دباؤ بڑھ رہا ہے۔


































