
اسلام آباد:ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے شہر بندر عباس میں المناک دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعے پر ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزام تراشی کو مسترد کرتے ہیں، علاقائی امن و استحکام کیلئے ایران سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی اشتعال انگیزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا پانی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا نا قابل قبول ہے۔


































