
بیجنگ : چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ سعودیہ ایران معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں تناؤ کم ہوا اور مفاہمت کے لیے فضا سازگار ہوگئی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ٹیلی فونک گفتگو میں عالمی جوہری معاہدے کی مکمل بحالی کے لیے زور دیا اور کہا کہ جوہری معاہدے پر اتفاق اور اس کے مؤثر نفاذ سے دنیا میں جنگ کا خطرہ ختم اور امن و استحکام آئے گا۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورۂ سعودی عرب کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری سے مشرق وسطیٰ میں مفاہمت کی لہر چل پڑی ہے۔ چین کے وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں تعمیر و ترقی میں مدد جاری رکھنے کا عہد دہرایا اور کہاکہ خطے کے ممالک کو جنگ کے بجائے مکالمے کو فروغ دینا چاہیئے۔


































