
دوحہ : ایران- سعودی عرب۔ برطانیہ۔ فرانس۔ پاکستان۔ عرب امارات اور ترکیہ سمیت عالمی برادری نے دوحہ میں اسرائیل کے حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کردی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے قطر کے امیر سے رابطہ کرکے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ یہ غیر ذمے دارانہ حملہ قطر کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اردن کے وزیرِ خارجہ ایمن الصفدی نے اسے وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کا تسلسل قرار دیا جو خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ ترک وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حملہ ظاہر کرتا ہے کہ اسرائیل امن نہیں بلکہ جنگ جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے قطر پر اسرائیلی حملے کو مجرمانہ، نہایت خطرناک، بین الاقوامی قانون، قطر کی خودمختاری اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔


































