
نئی دہلی: ہندوستانی حکومت نے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے غیر مسلم تارکین کو شہریت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ صوبہ گجرات کے آنند اور مہسانہ اضلاع میں مقیم تینوں ملکوں کے ہندو،سکھ،بودھ، جین، پارسی اور مسیحی تارکین کو شہری کے طور پر رجسٹر ڈ کیا جائے گا۔وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ شہریت ترمیمی قانون 2019 کے بجائے شہریت قانون 1955 کے تحت کیا گیا ہے۔دونوں اضلاع میں رہنے والے تارکین درخواستیں آن لائن جمع کرانی ہوں گی اور ضلعی کلکٹر ان کی جانچ کریں گے۔ادھر سپریم کورٹ اب 6 دسمبر کو شہریت ترمیمی قانون پر سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس نے تمام 232 درخواستوں کو یکجا کرکے سننے کا حکم دیا ہے۔تاکہ معاملے کو آسانی سے سنا جاسکے۔حکومت نے آسام اور تریپورہ کی درخواستوں پر جواب داخل کرنے کا وقت طلب کیا تھا۔


































